(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اگلے 2سالوں کے دوران 5 لاکھ طلبہ کو کروم بکس (Chromebooks) اور مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروم بکس کی فراہمی کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ دنیا میں کہیں بھی بیٹھ کر آن لائن و ریموٹلی (Remotely) بلا تعطل جدید تعلیم حاصل کر سکیں اور کسی میدان میں پیچھے نہ رہیں۔
نہوں نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ریاست کی اہم ذمہ داری قرار دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ کروم بکس کی تقسیم کسی سفارش کے بغیر خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے طلبہ میں میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ہونہار بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا اصل سرمایہ اور اثاثہ ہیں جنہیں بااختیار بنانے کے نئے سفر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے دانش اسکولز کے ماڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں طلبہ کو تمام تر جدید تعلیمی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ غریب و پسماندہ طبقات کے بچے بھی آگے بڑھ سکیں۔