پشاور میں زلمی مدرسہ سپر لیگ سیزن 7 کے سنسنی خیز مقابلے: پینتھرز اور اسٹرائیکرز کی شاندار فتوحات

پشاور میں زلمی مدرسہ سپر لیگ سیزن 7 کے سنسنی خیز مقابلے: پینتھرز اور اسٹرائیکرز کی شاندار فتوحات

(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ سپر لیگ سیزن 7 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جہاں آج کے شیڈول چار میچز میں سے ابتدائی دو مقابلوں میں پینتھرز اور اسٹرائیکرز نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

افتتاحی میچ میں پینتھرز نے اسٹالینز کو 10 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد عبرتناک شکست دی۔اسٹالینز نے مقررہ 8 اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 125 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

پینتھرز کے اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بڑا ہدف محض6.3   اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے باآسانی حاصل کر لیا۔

دوسرے مقابلے میں اسٹرائیکرز نے پیٹریاٹس کو شکست دے کر اہم فتح اپنے نام کی۔پیٹریاٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 104 رنز بنائے۔اسٹرائیکرز کے بیٹرز نے پر اعتماد آغاز فراہم کیا اور مطلوبہ ہدف 6.1 اوورز میں حاصل کر کے میچ جیت لیا۔

ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ لیپرڈز اور فالکنز کے درمیان شروع ہو چکا ہے، جس میں فالکنز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دن کا چوتھا اور آخری میچ ایگلز اور لائنز کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

زلمی مدرسہ سپر لیگ کے ساتویں سیزن میں مجموعی طور پر 25 مختلف ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں۔

اس شاندار ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح گزشتہ روز گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے رنگارنگ تقریب کے دوران کیا تھا۔

Watch Live Public News