(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف سابقہ اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز کی دنیا سے باضابطہ اور مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اسکرین سے اپنی طویل غیر موجودگی کی وجوہات سے پردہ اٹھایا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کردہ بیان میں کومل عزیز نے بتایا کہ انہوں نے شوبز چھوڑنے کا حتمی فیصلہ تقریباً 5 سال قبل ہی کر لیا تھا، تاہم اس کا باضابطہ اعلان اب جا کر کیا ہے۔
اعلان میں تاخیر کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ وہ غیر ضروری میڈیا توجہ سے دور رہنا چاہتی تھیں اور پہلے یہ تسلی کرنا چاہتی تھیں کہ آیا وہ شوبز انڈسٹری سے باہر بھی اپنی الگ شناخت اور کامیاب بزنس قائم کر سکتی ہیں یا نہیں۔
سابقہ اداکارہ کے مطابق گزشتہ 5 سالوں کے دوران انہوں نے گلیمر اور کیمروں کی دنیا سے دور رہ کر اپنی ذاتی نشوونما پر توجہ مرکوز کی اور زندگی کے لیے ایک نئی مثبت سمت کا انتخاب کیا۔
وہ اب مکمل طور پر اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور مالی لحاظ سے خودمختار بننے پر اپنی توانائیاں صرف کر رہی ہیں۔
کومل عزیز نے کہا کہ وہ اسکرین سے اپنی طویل غیر موجودگی کی حقیقت اس لیے سامنے لا رہی ہیں تاکہ مداحوں کے ذہنوں میں کوئی ابہام یا سوال باقی نہ رہے۔
انہوں نے مداحوں کے برسوں پر محیط پیار اور تعاون کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ شوبز سے دور ہونے کے باوجود ان کی محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔
اداکارہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ سال 2021ء میں مقبول ڈرامہ سیریل ’مہلت‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئی تھیں، جس کے بعد سے وہ مکمل طور پر کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہو گئیں۔