(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کی قومی مال بردار ریل آپریٹر کمپنی ’ٹرانسنیٹ فرائٹ ریل‘ نے دنیا کی سب سے طویل فریٹ ٹرین چلا کر ریلوے کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس ریکارڈ ساز مال بردار ٹرین کی مجموعی لمبائی 7.6 کلومیٹر تھی۔اس میں 696 خالی مال بردار ویگنز، طاقتور ڈیزل و الیکٹرک انجن اور عملے کی مخصوص کوچز شامل کی گئی تھیں۔
یہ طویل ترین ٹرین جنوبی افریقہ کی مشہور ’آئرن اور ایکسپورٹ لائن‘ پر چلائی گئی۔اس نے شمالی کیپ (Northern Cape) میں واقع لوہے کی کانوں اور سلدانہا کی بین الاقوامی بندرگاہ کے درمیان طویل فاصلہ کامیابی کے ساتھ طے کیا۔
اس سے قبل دنیا کی سب سے طویل مال بردار ٹرین چلانے کا اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا، جس نے سال 2001ء میں 682 ویگنز پر مشتمل طویل ٹرین چلائی تھی۔ جنوبی افریقہ نے 696 ویگنز کو باہم جوڑ کر چلا کر آسٹریلیا کا یہ دیرینہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ریل حکام کے مطابق 7.6 کلومیٹر طویل ٹرین کو پٹری پر متوازن رکھنا انتہائی پیچیدہ تکنیکی چیلنج تھا، جسے جدید ڈسٹری بیوٹڈ پاور اور ایڈوانسڈ بریکنگ سسٹمز کی بدولت بحسن و خوبی کنٹرول کیا گیا۔
حکام نے اسے جنوبی افریقی انجینئرز اور ریلوے عملے کی بے مثال آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار ثبوت قرار دیا۔