(ویب ڈیسک) تامل فلم انڈسٹری کے معروف اور لیجنڈری گلوکار کرشناراج راماسامی 75 برس کی عمر میں چنئی میں انتقال کر گئے ہیں۔
تامل فلم انڈسٹری کیلئے یہ ہفتہ انتہائی غمزدہ ثابت ہوا ہے، نامور موسیقار دیوا 17 اکتوبر اور ان کے بھتیجے اداکار کارتھک سبیش 20 اکتوبر کو چل بسے تھے، جس کے بعد اب معروف گلوکار کرشناراج بھی مداحوں سے بچھڑ گئے۔
کرشناراج اور موسیقار دیوا کی جوڑی نے تامل موسیقی کو متعدد شاہکار گیت دیے تھے اور دونوں کا ایک ہی ہفتے کے دوران انتقال شوبز حلقوں کو ہلا کر رکھ گیا۔
موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل کرشناراج پیشے کے اعتبار سے ویور (کپڑا بننے والے) تھے۔بعد ازاں انہوں نے باقاعدہ موسیقی اور مختلف ساز بجانا سیکھے اور فلمی دنیا میں جگہ بنانے سے قبل طویل عرصے تک لوکل میوزک بینڈز کے ساتھ گاتے رہے۔
1990ء کی دہائی میں انہیں بڑی کامیابی ملی اور انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 300 سے زائد یادگار گیت ریکارڈ کرائے۔
سال 1997ء کی تامل فلم ’پورکالم‘ کا نغمہ ’تھنجاوورو مانو ایڈتھو‘ ان کے کیریئر کا سب سے یادگار گیت ثابت ہوا، جس کی دھنیں اور بول سرحدوں سے پار سنے گئے۔
اس گیت کی تاریخی اہمیت یہ ہے کہ سنگاپور کے سابق صدر ایس آر ناتھن کی وصیت اور آخری خواہش کے مطابق یہ گیت ان کی آخری رسومات کے موقع پر باقاعدہ پیش کیا گیا تھا۔
تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے معروف گلوکار کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اداکار سرتھ کمار نے ان کے ساتھ گزاری یادیں شیئر کیں جبکہ معروف گلوکارہ انورادھا سری رام نے مرحوم کی رہائش گاہ جا کر لواحقین سے تعزیت کی۔گلوکارہ چنمئی، سجاتھا موہن اور دیگر نامور فنکاروں نے بھی کرشناراج کے فن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔