ویب ڈیسک: بھارتی اداکار الو ارجن اور ہدایت کار ایٹلی کی نئی فلم ’ راکا‘ نے ریلیز سے قبل ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں ایک ہی وقت میں 37 اداکاروں کی ریئل ٹائم موشن کیپچرنگ کرکے سب سے زیادہ افراد کی موشن کیپچرنگ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا۔
فلم ساز ادارے نے سوشل میڈیا پر ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے الو ارجن اور ایٹلی کی گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ تھامے تصویر بھی شیئر کی۔
فلم ’ راکا‘ میں الو ارجن کے ساتھ دیپیکا پڈوکون بھی اداکاری کر رہی ہیں۔ فلم کا پہلا لُک الو ارجن کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا، جس میں اداکار منفرد انداز میں نظر آئے تھے۔
فلم کے ویژولز بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جبکہ ہدایت کار سیبی چکرورتی نے دعویٰ کیا تھا کہ فلم کے ویژولز غیر معمولی ہیں اور انہیں دیکھ کر ’اوتار‘ کے ویژولز بھی یاد نہیں آئیں گے۔