ویب ڈیسک: معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دانانیر مبین نے گلوکاری کے میدان میں باقاعدہ قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا میوزک ٹریک ’ ٹچ‘ ریلیز کردیا، جو دنیا بھر کے بڑے میوزک پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
دانانیر نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پروموشنل ویڈیو کے ذریعے مداحوں کو اپنے نئے گانے سے متعارف کرایا۔ اداکارہ کے مطابق ٹریک کی تیاری میں خاصی محنت اور سوچ بچار کی گئی ہے، جبکہ اس کی جاندار دھن اور ردھم سامعین کو محظوظ کریں گے۔
دانانیر اس سے قبل بھی مختلف ویڈیوز اور پرفارمنسز کے ذریعے گلوکاری سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرچکی ہیں، تاہم ’ ٹچ‘ موسیقی کے میدان میں ان کا پہلا باقاعدہ میوزک ریلیز ہے۔
سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے کے بعد دانانیر نے اداکاری کا رخ کیا اور ’صنفِ آہن‘ اور ’محبت گمشدہ میری‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری سے نمایاں مقام بنایا۔ اب گلوکاری میں ان کا نیا سفر بھی شروع ہوگیا ہے۔