(ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ کے ساحل پر صومالی قزاقوں کے قبضے سے ہائی جیک شدہ بحری جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے صاحبزادے اذہان کاشف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، جبکہ شہداء کے خاندانوں کے لیے کروڑوں روپے کے مالی و رہائشی ریلیف پیکج کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم سید کاشف عمر کے بیٹے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پوری قوم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان ان بدقسمت تین پاکستانیوں میں شامل تھے جو صومالیہ میں ہائی جیک کیے گئے جہاز کے ریسکیو آپریشن کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعظم نے بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری دی۔حکومتِ پاکستان جاں بحق شہریوں کے تمام بچوں کو مکمل طور پر مفت معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کو رہائش کی غرض سے فی خاندان ایک گھر دینے کا بھی باضابطہ اعلان کیا۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ جاں بحق ہونے والے تینوں شہریوں کی میتیں جلد از جلد وطن واپس لائی جائیں گی۔
اس مقصد کے لیے وزارتِ خارجہ اور پاکستان کے سفارت خانے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صومالی حکام اور متعلقہ شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں رہ کر تمام قانونی و سفارتی مراحل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں۔
تمام متعلقہ اداروں کو لواحقین کے ساتھ ہر لمحہ باخبر اور براہِ راست رابطے میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے پاکستانی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور عملے کے دیگر تمام ارکان کی بحفاظت پاکستان واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔