بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کروڑوں کے فراڈ کیس میں گرفتار

بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کروڑوں کے فراڈ کیس میں گرفتار

(ویب ڈیسک) ممبئی پولیس کے اکنامک آفنسز ونگ (EOW) نے معروف بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کو میٹھی ندی کی صفائی اور بحالی کے پروجیکٹ میں مبینہ طور پر ساڑھے 65 کروڑ روپے سے زائد کے مالی گھوٹالے کے الزام میں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔

ممبئی پولیس کے اکنامک آفنسز ونگ کی ٹیم نے 2 اکتوبر 2026 کو باندرہ میں واقع اداکار کی رہائش گاہ پر تقریباً 8 گھنٹے تک تفصیلی پوچھ گچھ کی۔تسلی بخش جوابات نہ ملنے پر 50 سالہ اداکار کو باضابطہ طور پر حراست میں لے کر گرفتار کر لیا گیا۔

یہ معاملہ ممبئی کی تاریخی میٹھی ندی سے گاد نکالنے اور اس کی بحالی کے سرکاری پروجیکٹ میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی سے متعلق ہے۔اس گھوٹالے اور مبینہ خرد برد کے باعث ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کو 65.54 کروڑ بھارتی روپے کا بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس پر تفتیشی ادارہ ٹھیکیداروں، درمیانی افراد اور بلدیاتی افسران کے گٹھ جوڑ کی چھان بین کر رہا ہے۔

تفتیش کاروں کو شواہد ملے تھے کہ اس کیس کے مرکزی ملزم کیتن کدم (جو 'ووڈر انڈیا ایل ایل پی' سے وابستہ ہیں اور 2025 میں گرفتار ہوئے تھے) نے 'یو بی او رائیڈز' نامی کمپنی کو 18 لاکھ روپے منتقل کیے تھے۔

اس کمپنی میں ڈینو موریا کے بھائی سانتینو بطور ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں، جبکہ دونوں مشکوک کمپنیاں ورلی کے علاقے میں ایک ہی پتے سے کام چلا رہی تھیں۔

فلم ' راز' سے شہرت پانے والے اداکار ڈینو موریا کا نام کافی عرصے سے اس گھوٹالے میں گردش کر رہا تھا۔ گزشتہ سال جون میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے بھی ان کی رہائش گاہ پر 14 گھنٹے تک تلاشی لی تھی اور ممبئی و کوچی میں ان کے اہلخانہ اور ٹھیکیداروں کے 14 مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔

Watch Live Public News