ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کیپشن: ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: معروف امریکی ٹی وی سیریز ’پرزن بریک‘ میں جیل وارڈن ہنری پوپ کا کردار ادا کرنے والے ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹیسی کیچ کا انتقال منگل کو پولینڈ میں ہوا۔ ان کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی نے بتایا کہ اداکار طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

اسٹیسی کیچ نے 2005 میں نشر ہونے والی سیریز ’پرزن بریک‘ کے پہلے دو سیزنز میں فاکس ریور جیل کے وارڈن کا کردار ادا کیا، جس سے انہیں عالمی شہرت ملی۔ وہ ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ اور ’ٹائٹس‘ سمیت متعدد ٹی وی سیریز میں بھی نظر آئے۔

ان کا ایک اور مشہور کردار نجی جاسوس مائیک ہیمر کا تھا، جسے انہوں نے 1980 کی دہائی کی ٹی وی سیریز اور متعدد ٹی وی فلموں میں ادا کیا۔ معروف ادیب ارنسٹ ہیمنگوے کا کردار نبھانے پر بھی انہیں خاصی پذیرائی ملی۔ 1988 کی منی سیریز ’ہیمنگوے‘ میں بہترین اداکاری پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ وہ ایمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئے۔

اسٹیسی کیچ نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران درجنوں فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کیا، جن میں ’امریکن ہسٹری ایکس‘، ’دی لانگ رائیڈرز‘، ’اپ اِن اسموک‘ اور ’جیزس آف نازریتھ‘ شامل ہیں۔

2 جون 1941 کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر سوانا میں پیدا ہونے والے اسٹیسی کیچ نے اپنی اداکاری کے ذریعے ہالی ووڈ میں منفرد مقام بنایا اور متعدد یادگار کرداروں کے باعث شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔

Watch Live Public News