ویب ڈیسک: برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرن نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کر لیا۔ ان کا پہلا بالی ووڈ گانا شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا حصہ بن گیا ہے۔
گانے ’تو مل جائے‘ میں ایڈ شیرن کے ساتھ معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے بھی آواز کا جادو جگایا ہے، جبکہ موسیقی سچن جگر نے ترتیب دی ہے۔ گانے کے بول کمار نے لکھے ہیں اور مدھوبنتی باگچی بھی اس پروجیکٹ میں شامل ہیں۔
ایڈ شیرن نے 3 نومبر کو انسٹاگرام پر گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات میں ہی انہوں نے اپنی اگلی فلم کے لیے گانا بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
گلوکار کے مطابق بھارت کے دورے کے دوران شاہ رخ خان نے انہیں موسیقار جوڑی سچن جگر سے ملوایا، جس کے بعد انہوں نے اسی روز فلم ’کنگ‘ کے لیے گانے میں اپنا حصہ لکھا اور ریکارڈ کیا۔
دوسری جانب شاہ رخ خان نے ایڈ شیرن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تعاون پر ان کے بے حد شکر گزار ہیں، خصوصاً ہندی بول گانے پر انہیں ایڈ شیرن سے بہت محبت ہے۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ 24 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔