ذیابیطس کے علاج میں اہم پیشرفت! بجلی سے شوگر کنٹرول کرنے والی جدید ڈیوائس تیار

ذیابیطس کے علاج میں اہم پیشرفت! بجلی سے شوگر کنٹرول کرنے والی جدید ڈیوائس تیار
کیپشن: ذیابیطس کے علاج میں اہم پیشرفت! بجلی سے شوگر کنٹرول کرنے والی جدید ڈیوائس تیار

ویب ڈیسک: سوئٹزرلینڈ کے سائنس دانوں نے ایک جدید تجرباتی ڈیوائس تیار کی ہے، جو جسم میں نصب کیے جانے کے بعد بجلی کی مدد سے خون میں شوگر کی سطح کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس نئی ٹیکنالوجی سے ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج میں نئی امید پیدا ہوئی ہے۔

ای ٹی ایچ زیورخ یونیورسٹی کے محققین کے مطابق یہ ڈیوائس خون میں موجود اضافی گلوکوز کو گلوکونیٹ میں تبدیل کرتی ہے، جسے گردے پیشاب کے ذریعے جسم سے خارج کر دیتے ہیں۔

وائرلیس ٹیکنالوجی سے چلنے والی اس ڈیوائس کو مسلسل شوگر مانیٹر کرنے والے نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ چوہوں پر کیے گئے تجربات میں اس نے خودکار طور پر خون میں شوگر کی سطح کنٹرول کرنے کے نتائج دکھائے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ڈیوائس جسم میں ذخیرہ شدہ چربی کے استعمال میں اضافہ کر سکتی ہے، جس سے ذیابیطس اور موٹاپے کے بیک وقت علاج کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

محققین کے مطابق دنیا بھر میں 2.5 ارب سے زائد افراد ذیابیطس اور موٹاپے کے مشترکہ مسئلے سے متاثر ہیں، جبکہ موجودہ علاج میں انسولین اور مختلف ادویات استعمال کی جاتی ہیں۔

تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس ابھی تجرباتی مراحل میں ہے اور اس کے نتائج صرف چوہوں پر حاصل کیے گئے ہیں۔ انسانوں میں اس کی افادیت اور حفاظت ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق اور کلینیکل ٹرائلز ضروری ہیں۔

Watch Live Public News