صدر مملکت سے وزیر اعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی

صدر مملکت سے وزیر اعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی

(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری  اور وزیر اعظم  شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا.

تفصیلات  کے مطابق   صدر مملکت آصف زرداری سے وزیر اعظم شہبازشیریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔جس میں ملک کی مجموعی  سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیر اعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف  نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ کل وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی  صورتحال  پر مذاکرات کرے گا۔

اس مشترکہ وفد میں محسن نقوی، رانا ثنا الّلہ، امیر مقام اورپیپلز پارٹی کی طرف سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شریک ہونگے۔

Watch Live Public News