اتنے میزائل ہیں کہ کئی سال تک دشمن پر آگ برسا سکتے ہیں، ایران کی وارننگ

اتنے میزائل ہیں کہ کئی سال تک دشمن پر آگ برسا سکتے ہیں، ایران کی وارننگ

(ویب ڈیسک ) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے سینئر کمانڈر کے مشیر علی بلالی نے امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے پاس اتنی بڑی تعداد میں میزائل موجود ہیں کہ وہ برسوں تک دشمن پر بلا تعطل آگ برسا سکتا ہے۔

علی بلالی نے واضح کیا کہ تہران کے پاس میزائلوں کا وسیع ذخیرہ موجود ہے اور وہ موجودہ شدت کے ساتھ کئی سال تک مسلسل حملے جاری رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دشمن کو سبق سکھانے کے لیے جتنے میزائلوں کی ضرورت ہوگی، اتنے داغے جائیں گے،حملوں کا جواب نہ دینے یا خاموش رہنے کا دور اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام کے نام ایک کھلا خط بھی ارسال کیا ہے، جس میں انہیں موجودہ کشیدگی کا ذمہ دار امریکی حکمرانوں کو ٹھہرانے اور انہیں اقتدار سے الگ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکی عوام مل جل کر باہمی امن کے ساتھ رہ سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکی عوام خطے اور دنیا کو جنگ کی طرف دھکیلنے والے پرتشدد اور دھوکے باز سیاستدانوں کا احتساب کریں اور انہیں اقتدار سے بے دخل کریں۔

Watch Live Public News