(ویب ڈیسک)قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل معرکے میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو فائنل جیتنے کے لیے 217 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز ہی اسکور کر سکی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر شاہ زیب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔دوسرے اوپنر شامل حسین نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے 37 اور کپتان عبدالصمد نے 33 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا، لیکن دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔
معاذ صداقت 5، حسن نواز 9، فرحان یوسف 7، محمد عمران 2 اور احمد دانیال محض 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اختتامی اوورز میں سفیان مقیم نے ناقابلِ شکست 16 رنز بنا کر اسکور کو 216 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سری لنکا اے کی جانب سے رویندو فرنانڈو نے 10 اوورز میں صرف 26 رنز دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ان کے ساتھ گاروکا سانکیتھ نے بھی شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 9 اوورز میں 46 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ونیوجا سہان نے 2 جبکہ نپن دننجایا نے ایک وکٹ حاصل کی۔