ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کی فتح قریب ہے، تاہم تنازع کا خاتمہ کب ہوگا، اس کا انحصار ان کے فیصلے پر ہے۔
یومِ تشکر کے موقع پر امریکی فوجی اہلکاروں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو معاہدے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کا ہر ممکن موقع دے رہا ہے، لیکن انہیں یقین نہیں کہ تہران اس پیشکش کو قبول کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور امریکی فوجی آنے والی نسلوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات روکنے کے لیے امریکا 150 میزائل داغ چکا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کے تیل پر امریکی انحصار کی نفی کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس توانائی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا اور وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو ملا کر دیکھا جائے تو یہ دنیا کے مجموعی ذخائر کے نصف سے زیادہ بنتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا طویل عرصے سے خطے میں موجود ہے اور اسرائیل سمیت مشرقِ وسطیٰ کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔