ویب ڈیسک: دنیا کی پہلی سپر ماڈلز میں شمار ہونے والی جرمن ماڈل ویروشکا 87 برس کی عمر میں برلن میں انتقال کر گئیں۔ ان کا اصل نام ویرا فون لینڈورف تھا۔
ویروشکا نے 1960 اور 1970 کی دہائی میں فیشن، آرٹ اور فوٹوگرافی کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ چھ فٹ سے زائد قد، منفرد انداز اور جرات مندانہ پوز نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔
اطالوی فوٹوگرافر اوگو مولاس نے انہیں 20 برس کی عمر میں فلورنس میں دریافت کیا، جس کے بعد وہ دنیا کی مقبول ترین اور مہنگی ترین ماڈلز میں شامل ہو گئیں۔
معروف فیشن میگزین ووگ کے سرورق پر وہ 12 مرتبہ جلوہ گر ہوئیں۔ انہوں نے ویلنٹینو، یویس سینٹ لوراں اور کارل لیگر فیلڈ جیسے نامور ڈیزائنرز کے ساتھ بھی کام کیا۔
ویروشکا نے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا اور مائیکل اینجلو انتونیونی کی مشہور فلم ’’بلو اَپ‘‘ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کی۔
1970 کی دہائی میں انہوں نے روایتی ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرکے بطور آرٹسٹ کام شروع کر دیا تھا۔ وہ خود کو محض ایک ماڈل یا بے جان شے کے طور پر نہیں بلکہ ایک آزاد فنکار کے طور پر دیکھنا چاہتی تھیں۔