ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے خدشات نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو نئی بلندیوں کے قریب پہنچا دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے بعد تیل کی عالمی رسد متاثر ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت 38 سینٹ کمی کے بعد 96 ڈالر 19 سینٹ فی بیرل ہوگئی، تاہم ایک روز قبل اس میں تقریباً 2 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور قیمت 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت ایک ڈالر 73 سینٹ اضافے کے بعد 85 ڈالر 41 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہے، تاہم اس کے لیے عالمی منڈی میں تیل کی رسد کم ہونے کے شواہد ضروری ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کے بعد پہلی بار ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی نہ بڑھانے کی توقعات بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کا سبب بنی تھیں۔