گندم کی قیمتیں چند روز میں معمول پر آنے کا امکان، رانا تنویر حسین

گندم کی قیمتیں چند روز میں معمول پر آنے کا امکان، رانا تنویر حسین
کیپشن: گندم کی قیمتیں چند روز میں معمول پر آنے کا امکان، رانا تنویر حسین

ویب ڈیسک: گندم کی قیمتوں میں اضافے اور آٹے کی مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے آئندہ چند روز میں گندم کی قیمتیں معمول پر آنے کی امید ظاہر کر دی۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے مطابق گندم کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مصنوعی ہے اور بعض عناصر کی جانب سے منڈی میں مداخلت اس کی وجہ بنی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے تمام صوبوں کی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے 40 سال بعد جامع قومی گندم پالیسی تشکیل دی ہے، جس کا مقصد کسانوں کے مفادات کا تحفظ اور ملک میں گندم کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ رواں سال گندم کے 60 لاکھ میٹرک ٹن تک اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے کا ہدف ہے۔ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور رواں سال قلت کا کوئی خدشہ نہیں، اس لیے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت درآمدی گندم کے بجائے مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری کو ترجیح دے گی۔ پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کو 13 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ صوبوں کی طلب کے مطابق ساڑھے 5 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کے انتظامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News