امریکا ایران کشیدگی، تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار

امریکا ایران کشیدگی، تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار
کیپشن: امریکا ایران کشیدگی، تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات کم ہونے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سست پڑنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گزشتہ ہفتے کے اضافے کے بعد بلند سطح پر برقرار ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کو ابتدائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کی قیمت 88.55 ڈالر فی بیرل پر تقریباً مستحکم رہی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 14 سینٹ کمی کے بعد 82.26 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

دونوں اہم بینچ مارکس کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔ یہ اضافہ آبنائے ہرمز میں ٹینکرز اور سعودی عرب میں تیل کی تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ہوا۔

مارکیٹ میں اس وقت سب سے بڑا خدشہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے کا ہے۔ کشیدگی میں اضافہ ہوا تو آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے عالمی سپلائی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کا اہم ترین سمندری راستہ ہے اور خلیج فارس سے دنیا کے مختلف حصوں کو بڑی مقدار میں تیل اور توانائی کی مصنوعات اسی راستے سے منتقل ہوتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں امریکا ایران مذاکرات، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال تیل کی قیمتوں کے رخ کا تعین کریں گے۔ سفارتی کوششوں میں ناکامی یا سمندری راستے میں مزید رکاوٹوں کی صورت میں خام تیل مزید مہنگا ہوسکتا ہے۔

Watch Live Public News