ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے: صدر ٹرمپ

 ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے: صدر ٹرمپ
کیپشن: ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے: صدر ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ فوجی حملوں کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

واشنگٹن میں انتخابی مہم کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر دوبارہ حملے فی الحال زیرِ غور نہیں، تاہم ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا امریکا کی اولین ترجیح ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران بھی اب اس بات کو تسلیم کر چکا ہے کہ اسے جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بی ٹو بمبار طیاروں کے حملوں کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی کوششیں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ ان کے بقول مذاکرات میں پیش رفت کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔

دوسری جانب امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر دوبارہ براہِ راست فوجی کارروائی کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی دباؤ کے باعث ایرانی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے، جبکہ ایرانی مذاکرات کار جان بوجھ کر بات چیت کو طول دے رہے ہیں۔

ایکسِیوس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے تحفظات کے باوجود ٹرمپ نے فی الحال فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Watch Live Public News