ویب ڈیسک: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی حملے کیے تو اسے غیر متوقع جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران گزشتہ ایک سال سے ممکنہ فوجی کارروائیوں کے پیشِ نظر اپنی دفاعی تیاریوں اور صلاحیتوں میں اضافہ کرتا رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان اور قطر کے ذریعے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے، تاہم سفارتی رابطوں کی رفتار پہلے کے مقابلے میں سست ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے مختلف تجاویز موصول ہو رہی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ سفارتی رابطوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی صورت میں ایران جواب دینے کے لیے تیار ہے اور اس کے پاس مزید ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن سے امریکا واقف نہیں۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، جبکہ بحری محاذ پر تناؤ اور ناکہ بندی کے معاملے نے خطے کی صورتحال مزید حساس بنا دی ہے۔ اس دوران پاکستان اور قطر سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔