جنگ بندی مذاکرات: 7 روزہ تجویز پر امریکا کا جواب وزیر خارجہ عباس عراقچی کو موصول

جنگ بندی مذاکرات: 7 روزہ تجویز پر امریکا کا جواب وزیر خارجہ عباس عراقچی کو موصول
کیپشن: جنگ بندی مذاکرات: 7 روزہ تجویز پر امریکا کا جواب وزیر خارجہ عباس عراقچی کو موصول

ویب ڈیسک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو امریکا کی جانب سے 7 روزہ اعتماد سازی منصوبے پر واشنگٹن کا جواب موصول ہوگیا، جس کے بعد وہ تہران پہنچ کر ایرانی قیادت سے مشاورت کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق عراقچی نے گزشتہ رات دوحہ میں قطری ثالثوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں امریکی مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بنیادی اختلاف منصوبے پر عمل درآمد کی ترتیب سے متعلق ہے۔

ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو پیش کیے گئے منصوبے میں تجویز دی تھی کہ شرائط پوری ہونے کی صورت میں تہران 7 روز کے اندر آبنائے ہرمز کو معمول کی بحری آمدورفت کے لیے کھول دے گا، جس کے بعد وسیع تر مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

قطر امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطوں میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ مذاکرات میں آبنائے ہرمز، اقتصادی پابندیوں اور مستقبل کے جوہری مذاکرات سمیت مختلف امور زیرِ بحث ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت ایران کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ایرانی تجویز کو مسترد کرچکے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان قطری ثالثی کے ذریعے رابطے جاری ہیں۔

تازہ رابطوں کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان کسی حتمی معاہدے یا جنگ کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Watch Live Public News