ویب ڈیسک: مارشل آرٹ کے عالمی آئیکون جیکی چن نے اپنی وفات کے بعد ریلیز ہونے والے گانے کا انکشاف کیا ہے، جسے انہوں نے دنیا کے نام اپنا آخری پیغام قرار دیا ہے۔
71 سالہ جیکی چن نے یہ بات بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم Unexpected Family کے پریمیئر کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے ان کی زندگی کے نظریے کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔ ان تجربات نے انہیں اپنی باتیں کھل کر کہنے اور حال میں جینے کی ترغیب دی۔
جیکی چن نے بتایا کہ وہ اپنے آخری خیالات ایک گانے میں محفوظ کر چکے ہیں، جو ریکارڈ تو ہو چکا ہے، مگر فی الحال اس گانے کو اہلِ خانہ اور مینجمنٹ کی درخواست پر جاری نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ گانا ان کی زندگی میں ایک راز رہے گا، تاہم ان کے انتقال کے دن اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
پریمیئر کے دوران جب حاضرین نے گانے کا کوئی حصہ سنانے کی درخواست کی، تو جیکی چن نے مسکراتے ہوئے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے لوگ رونا شروع کر دیں گے۔