ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ کے خلاف دائر مقدمے میں بڑا ریلیف مل گیا، دہلی ہائی کورٹ نے فلم کی سنیما اور او ٹی ٹی ریلیز روک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 10 ستمبر کو سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) سے فلم کی منظوری کا عمل مکمل ہونے تک اسے ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔
فلم کی کہانی 1998 میں راجستھان میں پیش آنے والے کالے ہرن کے شکار کے متنازع مقدمے سے متاثر ہے، جس میں سلمان خان بھی ملزم تھے۔
سلمان خان نے فلم کے پروڈیوسرز کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فلم میں ان کی شخصیت، نام اور عوامی تشخص کا غیر مجاز استعمال کیا گیا ہے، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اداکار کی قانونی ٹیم کے مطابق عدالت نے فلم کی اگلی سماعت تک سنیما گھروں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز روک دی ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت 30 ستمبر 2026 کو ہوگی۔
عدالت نے فریقین کو اگلی سماعت سے قبل اپنے جوابات جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔