ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کی باکس آفس کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی یا ناکامی سے زیادہ اہم حوصلہ، خود اعتمادی اور ثابت قدمی ہے۔
میرا نے انسٹاگرام پر مختلف پیغامات شیئر کیے، جن میں انہوں نے ناکامی، کامیابی اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والے لوگوں کا ذکر کیا۔ ایک پوسٹ میں اداکارہ نے کہا کہ انہیں اس لیے ’فلاپ‘ کہا جارہا ہے کیونکہ ان کی فلم ’سائیکو‘ نے 100 کروڑ روپے کا بزنس نہیں کیا۔ ایک اور پیغام میں انہوں نے لکھا کہ فلم فلاپ ہوسکتی ہے، عورت نہیں۔
میرا نے اپنی پوسٹس کے ذریعے باکس آفس کمائی کو کامیابی کا واحد معیار سمجھنے کے رجحان پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ’سائیکو‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ ڈپریشن کا شکار رہی ہیں اور فلم کی تجارتی کارکردگی کے بجائے مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم کی ریلیز کے بعد بعض لوگوں کے رویے تبدیل ہوئے اور کچھ افراد نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا، تاہم وہ ان حالات کے باوجود آگے بڑھ رہی ہیں۔
میرا طویل عرصے سے پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور مختلف ادوار میں تنقید اور پیشہ ورانہ اتار چڑھاؤ کے باوجود شوبز سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔