پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، فیصل نیاز ترمذی

 پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، فیصل نیاز ترمذی
کیپشن: پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، فیصل نیاز ترمذی

ویب ڈیسک: ماسکو میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

 پاکستانی سفیر نے MGIMO انٹرنیشنل بزنس ٹرینڈز فورم 2026 میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں طاقت کے نئے مراکز ابھرنے کے ساتھ عالمی تجارت کے نئے رجحانات بھی تشکیل پا رہے ہیں۔ بدلتے عالمی حالات میں مضبوط شراکت داری اور علاقائی روابط کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس تجارت کے فروغ کے لیے ویزا سہولت، براہِ راست فضائی رابطے اور مؤثر لاجسٹکس اہم ہیں۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ SCO، D-8، SAARC اور ECO علاقائی اقتصادی تعاون اور روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنظیموں کے پلیٹ فارمز کو تجارت، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے فروغ کے لیے مؤثر طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان قدرتی رابطہ فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت علاقائی تجارت کے لیے اہم زمینی اور بحری راستے فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ نوجوان آبادی پاکستان کے لیے ایک بڑی قوت کے ساتھ اہم ذمہ داری بھی ہے۔ پائیدار اقتصادی ترقی اور جدت کے لیے کاروبار اور سائنس کو ایک دوسرے کے قریب لانا ضروری ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔  روسی وزیرِ داخلہ کا اکتوبر میں دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے بڑھتے اعلیٰ سطحی روابط کا مظہر ہے۔ پاکستان روس کے ساتھ شراکت داری، علاقائی اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی کی فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے سفرا، روسی کاروباری و علمی نمائندوں اور MGIMO کے طلبہ سے ملاقات بھی ہوئی۔ 

Watch Live Public News