ویب ڈیسک: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی کے انتقال کے دو روز بعد طبی نگرانی کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
مہاتیر محمد کے دفتر کے مطابق 101 سالہ سابق وزیراعظم کو منگل کی شب کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کیا گیا۔ ان کے معاون صوفی یوسف نے بتایا کہ انہیں مشاہدے کے لیے اسپتال میں رکھا گیا ہے، تاہم داخلے کی وجہ اور تشخیص فی الحال سامنے نہیں آئی۔
رائٹرز کے مطابق مہاتیر محمد ماضی میں دل کے عارضے کا سامنا کرچکے ہیں اور ان کی بائی پاس سرجری بھی ہوچکی ہے۔ انہیں حالیہ برسوں میں کئی بار اسپتال منتقل کیا گیا۔ رواں سال جنوری میں گرنے کے باعث کولہے میں فریکچر کے بعد بھی انہیں اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی پیر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر اور صحتِ عامہ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔ دونوں کی شادی کو 70 سال ہوئے تھے۔
اہلیہ کی آخری رسومات کے موقع پر مہاتیر محمد غمزدہ دکھائی دیے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں وہ سابق ملائیشین بادشاہ سے گفتگو کے دوران آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ ان کی اہلیہ اسی روز انتقال کرجائیں گی۔