ویب ڈیسک: نیپرا نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 36 پیسے اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد صارفین کو نومبر کے بجلی بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
نیپرا کے 6 نومبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا اطلاق تمام سابق واپڈا تقسیم کار کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے صارفین پر ہوگا۔
نیپرا نے ستمبر کے لیے بجلی کی اصل فیول لاگت 9 روپے 82 پیسے فی یونٹ مقرر کی، جبکہ ریفرنس فیول لاگت 7 روپے 45 پیسے تھی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے جائزے کے بعد 2 روپے 36 پیسے اضافے کی منظوری دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے بلوں میں اضافی رقم الگ سے ظاہر کی جائے گی۔ جن صارفین کے نومبر کے بل پہلے جاری ہو چکے ہیں، ان سے یہ رقم دسمبر کے بل میں وصول کی جا سکتی ہے۔
نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اضافے پر عمل درآمد کے دوران متعلقہ عدالتی احکامات کی پابندی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔