راولپنڈی میں ہیری بروک کی طوفانی ڈبل سنچری ،  انگلینڈ کا  سری لنکا کو 430 رنز کا ہدف

راولپنڈی میں ہیری بروک کی طوفانی ڈبل سنچری ،  انگلینڈ کا  سری لنکا کو 430 رنز کا ہدف

(ویب ڈیسک)سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلش کپتان ہیری بروک نے تاریخی اور دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ڈبل سنچری جڑ دی، جس کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنا کر جیت کے لیے 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلش بیٹرز نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور سری لنکن باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔

ہیری بروک کی تاریخی ڈبل سنچری:

انگلش کپتان ہیری بروک نے میدان کے چاروں اطراف شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے محض 114 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔

وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے انگلینڈ کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 10 فلک شگاف چھکے اور 21 دلکش چوکے شامل تھے۔

اننگز کے اختتامی اوورز میں ول جیکس نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ ٹام بینٹن نے بھی 50 رنز بنا کر ٹیم کے بڑے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ اس سے قبل اس گراؤنڈ پر سب سے بڑا ٹوٹل پاکستان کا 337 رنز تھا۔

ہیری بروک نے اس میدان پر سب سے بڑی انفرادی اننگز کا 28 سال پرانا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل 1996ء کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔

Watch Live Public News