دلیر مہندی کی اسٹیج پر تضحیک، فنکاروں کی تنظیم کا مودی اور وزیراعلیٰ اتراکھنڈ کو خط

دلیر مہندی کی اسٹیج پر تضحیک، فنکاروں کی تنظیم کا مودی اور وزیراعلیٰ اتراکھنڈ کو خط
کیپشن: دلیر مہندی کی اسٹیج پر تضحیک، فنکاروں کی تنظیم کا مودی اور وزیراعلیٰ اتراکھنڈ کو خط

ویب ڈیسک: بھارتی گلوکار دلیر مہندی کو تقریب کے دوران اسٹیج پر روکنے اور ان کی پرفارمنس پر سوال اٹھانے کے واقعے پر فنکاروں کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی کو خط لکھ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ ریاست اتراکھنڈ کے علاقے نیو ٹہری میں ایک تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں ریاستی وزیر سبودھ اونیال نے دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر آکر انہیں روک دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں وزیر گلوکار کی پرفارمنس پر سوال اٹھاتے اور ان پر نشے کی حالت میں ہونے کا الزام لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ گلوکار براہِ راست گا رہے تھے یا ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارم کر رہے تھے۔

ایف ڈبلیو آئی سی ای نے اپنے خط میں کہا کہ کسی فنکار کی صحت یا پرفارمنس سے متعلق تحفظات ہوں تو انہیں سرِعام تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں معاملہ حل کرنا چاہیے۔ تنظیم نے دلیر مہندی کی صحت کے مسائل اور سرجری کے بعد بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے غیر مصدقہ الزامات پر نتیجہ اخذ کرنے سے بھی گریز کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب، ریاستی وزیر سبودھ اونیال نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دلیر مہندی کو تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے 35 لاکھ بھارتی روپے ادا کیے گئے تھے اور ان سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی توقع تھی۔

تنظیم نے فنکاروں کے احترام اور ان کے ساتھ حساسیت سے پیش آنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Watch Live Public News