اداکار وجے نے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم دیدیا

اداکار وجے نے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم دیدیا
کیپشن: اداکار وجے نے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم دیدیا

ویب ڈیسک: بھارتی اداکار  جوزف وجے نے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد گھریلو صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وجے کی جماعت تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) نے اسمبلی میں اکثریت حاصل کی ہے۔ نئے وزیراعلیٰ نے ریاست میں خواتین کے تحفظ کے لیے سپیشل فورس بنانے اور انسداد منشیات کے حکم نامے پر بھی دستخط کیے۔

حلف برداری کے بعد چنئی کے جواہر لال نہرو سٹیڈیم میں اپنے پہلے خطاب میں وجے تھلاپتی نے کہا کہ “حقیقی سکیولرازم اور سماجی انصاف کے لیے حکومت کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔” انہوں نے کانگریس، وی سی کے، آئی یو ایم ایل اور بائیں بازو کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت بنانے میں ٹی وی کے کی حمایت کی۔

وجے نے اپنے خطاب میں کہا:
“میں کسی شاہی خاندان سے نہیں آیا، میں نے غربت اور بھوک کو قریب سے دیکھا ہے، لوگ میرا مذاق اڑاتے رہے، مگر آپ نے مجھے اپنے دل میں جگہ دی، اس کے لیے شکر گزار ہوں۔ میں بالکل آپ جیسا ہوں، کوئی فرشتہ نہیں بلکہ ایک عام آدمی ہوں۔”

انتخابات میں ٹی وی کے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے وی سی کے اور آئی یو ایم ایل نے اپنا اتحاد مضبوط کیا، جس کے بعد 234 رکنی اسمبلی میں 120 نشستوں تک اکثریت حاصل ہوئی۔ انڈین نیشنل کانگریس نے بھی وجے کی حکومت کی حمایت کی، جس میں اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے اور اپوزیشن لیڈر راہُل گاندھی کے دیرینہ تعلقات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وجے اور راہُل گاندھی کی پہلی ملاقات 2009 میں دہلی میں ہوئی تھی، جہاں راہُل نے وجے کو یوتھ کانگریس میں شمولیت کی پیشکش کی تھی۔

Watch Live Public News