ویب ڈیسک: معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مشکل وقت میں حمایت کرتے ہوئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب سے قبل بھگدڑ مچنے کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد مسٹر پتلو نے ویڈیو پیغام کے ذریعے معذرت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی، جبکہ انہوں نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
اس صورتحال پر رجب بٹ نے ماضی کے اختلافات بھلا کر مسٹر پتلو کے حق میں آواز اٹھائی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رجب بٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ اب دونوں کے درمیان رابطہ نہیں رہا، تاہم انہوں نے ماضی میں اچھا وقت ساتھ گزارا ہے۔
انہوں نے مسٹر پتلو کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہی حقیقی دوستوں کی پہچان ہوتی ہے، ہمت نہ ہارنا، میں تمہارے ساتھ ہوں۔
رجب بٹ نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ بھی مسٹر پتلو کے لیے دعاگو ہیں اور ان سے بات کرنا چاہتی تھیں۔