(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے لائیو میوزک کانسرٹ کے دوران ایک غیر متوقع اور ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ہجوم میں موجود ایک مداح نے پرفارمنس کے دوران براہِ راست اسٹیج پر اپنا اسمارٹ فون اچھال دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم اسٹیج پر اپنے روایتی پرجوش انداز میں گانا پیش کر رہے تھے کہ اچانک کراؤڈ کی جانب سے اچھالا گیا ایک موبائل فون تیزی سے آ کر ان کے قریب اسٹیج کے فرش پر گرا۔
گلوکار نےگانا روک کر نیچے جھک کر گرا ہوا فون اٹھایا، اس کا بغور معائنہ کیا اور پھر اسے اونچا کر کے تمام شائقین کے سامنے لہرایا۔
عاطف اسلم نے حاضرین سے مسکراتے ہوئے مخاطب ہو کر حیرت کا اظہار کیا اور کہا، "فون ہی پھینک دیا اوپر! یہ تو اب تک ٹوٹ چکا ہوگا"۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کانسرٹ کے دوران مداحوں کے لاپرواہ رویے اور بنیادی آداب پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔