(ویب ڈیسک)اسپین میں براہِ راست نشریات کے دوران ایک عجیب و غریب اور خوفناک منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب سمندر کی تند و تیز لہروں کے خطرات سے عوام کو خبردار کرنے والا ٹی وی رپورٹر لائیو کوریج کے دوران خود ہی ایک دیوہیکل لہر کی زد میں آگیا۔
ہسپانوی ٹی وی چینل کے رپورٹرساحلی قصبے اونداروا (Ondarroa) میں سمندری دیوار کے بالکل قریب کھڑے ہو کر طوفانی صورتحال پر رپورٹنگ کر رہے تھے۔
رپورٹر لائیو کیمرے پر ناظرین کو خبردار کر رہے تھے کہ: "تمام نظریں سمندر پر لگی ہیں کیونکہ پیش گوئی کے مطابق صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، فٹ پاتھ اور سمندری دیوار کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں کیونکہ یہاں شدید خطرہ..."
Lo que acaba de ocurrir en #EuskadiQuedate . Vaya susto #EnDirecto #Television https://t.co/1HzYkYPYHK
— Sebas Maspons (@SebasMaspons) October 22, 2026
ابھی رپورٹر کا جملہ مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ عقب سے اچانک اٹھنے والی ایک دیوہیکل سمندری لہر نے حفاظتی دیوار کو عبور کرتے ہوئے رپورٹر اور کیمرہ وومن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس لہر نے رپورٹر اور خاتون کیمرا پرسن کو پٹخ دیا جس سے لائیو ویڈیو فیڈ کٹ گئی اور اسکرین پر چند لمحوں کے لیے صرف بپھرا ہوا سرمئی پانی نظر آنے لگا۔
جیسے ہی ویڈیو فوری طور پر واپس نیوز اسٹوڈیو منتقل ہوئی، تو نیوز اینکرشدید حیرت اور صدمے کی کیفیت میں نظر آئے اور ان کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔
اینکر نے حواس بحال کرتے ہوئے فوری دعا کی کہ "امید ہے ہمارے ساتھی سرجیو اور راقیل خیریت سے ہوں گے، ہم چند سیکنڈ میں ان کی خیریت سے آگاہ کرتے ہیں"۔
ٹی وی نیٹ ورک نے بعد ازاں تصدیق کی کہ رپورٹر اور کیمرا پرسن دونوں خوش قسمتی سے کسی بھی شدید چوٹ یا جانی نقصان سے محفوظ رہے ہیں۔
دوسری جانب یہ لائیو ویڈیو سوشل میڈیا اور ریڈٹ (Reddit) پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ رپورٹر جس خطرے کا ذکر کر رہے تھے، لہر نے اسی لمحے آ کر ان کی بات کو 100 فیصد سچ ثابت کر دکھایا۔