شاہین آفریدی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے

شاہین آفریدی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے

(ویب ڈیسک)پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 150 وکٹیں مکمل کر لی ہیں اور وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کر کے اپنی 150ویں وکٹ حاصل کی۔

ٹام بینٹن، جو گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں بنا چکے تھے، شاہین کی زبردست فل لینتھ گیند پر کورز کے فیلڈر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں 150 وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا۔اس سے قبل پاکستان کے دو لیجنڈری فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کیا تھا، جن کا ریکارڈ اب شاہین نے توڑ دیا ہے۔

تمام پاکستانی بولرز (اسپنرز اور فاسٹ بولرز) کی فہرست میں شاہین آفریدی تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔ان سے آگے صرف سابق مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے محض 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

عالمی سطح پر شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔

اس فہرست میں دنیا میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ نیپال کے سندیپ لامیچھانے (73 میچز) کے پاس ہے، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 77 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

Watch Live Public News