(ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ان کے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل انٹرنیشنل کیریئر کا باضابطہ اختتام ہو گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے مطابق کائنات امتیاز نے 19 ایک روزہ (ون ڈے) اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔وہ ان تاریخی قومی دستوں کا حصہ تھیں جنہوں نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے تھے۔
انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
کمنٹری اور میچ ریفرینگ کا نیا سفر:
کرکٹ سے دوری کے دوران ہی کائنات امتیاز نے کمنٹری کے شعبے میں قدم رکھ دیا تھا جہاں ان کے تجزیوں کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں انہوں نے باضابطہ طور پر ویمن میچ ریفری کے طور پر اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا ہے اور اب وہ مختلف ٹورنامنٹس میں بطور میچ ریفری اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
والدہ کا امپائرنگ میں تاریخی اعزاز:
کائنات امتیاز کی والدہ سلیمہ امتیاز بھی کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا اور معتبر نام ہیں؛ وہ آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں نامزد ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں۔
سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمنز ون ڈے اور 69 ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔