معروف پنجابی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مَد سندھو فائرنگ سے قتل 

معروف پنجابی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مَد سندھو فائرنگ سے قتل 

(ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مَد سندھو کو بے دردی سے قتل کر دیا ہے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے بیچ سڑک پر مَد سندھو کو نشانہ بنایا۔شدید زخمی حالت میں سڑک پر خون میں لت پت پائے جانے والے انفلوئنسر کو فوری طور پر اسپتال لے جایا جا رہا تھا، تاہم گولیوں کے گہرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ADCP) سری وینیلا کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے واردات کی اور جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اس ہلاکت خیز واقعے کے فوری بعد ’ گولڈی ڈھلون‘ نامی فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں مَد سندھو کے قتل کی کھلم کھلا ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پوسٹ میں مقتول پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ اپنی سرگرمیوں سے پنجاب کے کلچر اور نوجوان نسل کو ’خراب‘ کر رہے تھے۔

پولیس حکام نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس پوسٹ کو باضابطہ طور پر تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے اور اکاؤنٹ چلانے والے عناصر کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

مقتول کا اصل نام مدھوسودن تھا، جنہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز فیشن انڈسٹری میں اسٹائلسٹ اور پنجاب و بالی ووڈ  کی فلموں میں بطور اسسٹنٹ کاسٹیوم ڈیزائنر کیا تھا۔

بعد ازاں، انسٹاگرام ریلز، فیشن اور بیوٹی کونٹینٹ، لگژری لائف اسٹائل اور صنفی و ثقافتی مسائل پر جرات مندانہ اور بے باک گفتگو کے باعث وہ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر بڑی فین فالوونگ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

Watch Live Public News