ویب ڈیسک: جرمنی سے تعلق رکھنے والے معروف گیمنگ انفلوئنسر مینوئل اوٹو 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ محض 14 سال کی عمر میں مقبول ملٹی پلیئر گیم ’اسٹک رَن‘ تیار کرنے کے باعث شہرت حاصل کر چکے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اوٹو کی موت لائیو اسٹریم کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد ہوئی۔ گیم کے ترجمان نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز اور متاثرہ افراد کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی۔
امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ نے 21 اکتوبر کو ان کی موت کی خبر دی، تاہم موت کی حتمی وجہ اور واقعے کی مکمل تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ بعض رپورٹس میں جرمنی کی ریاست باویریا میں آتش زدگی کے ایک مہلک واقعے سے ممکنہ تعلق کا ذکر کیا گیا ہے، لیکن اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
اوٹو کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کیے اور آن لائن گیمنگ کی دنیا میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔