انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےپلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کر دیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےپلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کر دیں

(ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے کھیل کی رفتار تیز کرنے اور فیصلوں کو شفاف بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد انقلابی تبدیلیوں کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جن کا اطلاق یکم اکتوبر یا اس کے بعد شروع ہونے والی تمام بین الاقوامی سیریز پر ہوگا۔

بیٹرز کے وقت ضائع کرنے پر پنالٹی اور وارننگ:

بیٹر کی جانب سے بلاوجہ تاخیر کرنے یا مقررہ وقت میں اسٹرائیک لینے کے لیے تیار نہ ہونے پر پہلی بار باضابطہ وارننگ دی جائے گی۔بیٹر کو دوسری وارننگ ملنے پر فیلڈنگ سائیڈ کو پنالٹی کے طور پر 5 اضافی رنز دیے جائیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں آخری اوور اور پنک بال کا نیا اصول:

ٹیسٹ میچ میں دن کے آخری اوور کے دوران اگر وکٹ گر جائے تو اب کھیل فوری ختم نہیں ہوگا بلکہ اوور مکمل کیا جائے گا۔اگر دونوں ٹیمیں باہمی رضامندی ظاہر کریں تو ڈے ٹیسٹ میچز میں بھی کم روشنی کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے سرخ گیند کی جگہ گلابی (Pink) گیند کا استعمال کیا جا سکے گا۔

اوور تھرو کی نئی وضاحت:

آئی سی سی نے اوور تھرو کے قانون کو واضح کرتے ہوئے طے کیا ہے کہ گیند کو باؤنڈری پر روکتے ہوئے یا فیلڈر کی جانب گیند پھینکتے ہوئے ہونے والی مس فیلڈ کو 'اوور تھرو' تصور نہیں کیا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی و ون ڈے کے ضوابط:

ٹی ٹوئنٹی میچز میں اننگز کے درمیان 15 منٹ کا مقررہ وقفہ ہوگا، تاہم وقت کے ضیاع کی صورت میں اس بریک کو کم کر کے 10 منٹ کیا جا سکتا ہے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ڈرنکس بریک کے دوران اب ہیڈ کوچ یا نامزد مخصوص فرد کو گراؤنڈ میں جا کر کھلاڑیوں کو ہدایات دینے کی اجازت ہوگی۔

لیگ سائیڈ وائیڈ بال کے آزمائشی اصول (ٹرائل) کو اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس میں مستقل قانون کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

یہ تمام ترامیم یکم اکتوبر کے بعد شیڈول انٹرنیشنل سیریز پر فوری نافذ ہوں گی، جبکہ جو سیریز پہلے سے جاری ہیں وہ پرانے قوانین کے تحت ہی مکمل کی جائیں گی۔

Watch Live Public News