ویب ڈیسک: آئرلینڈ کے آل راؤنڈر سِمی سنگھ نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والے سِمی سنگھ 2006 میں 19 برس کی عمر میں آئرلینڈ منتقل ہوئے۔ انہوں نے 2017 میں 30 سال کی عمر میں آئرلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔
سِمی سنگھ نے آئرلینڈ کی جانب سے 35 ون ڈے اور 53 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں 2 ہزار سے زائد رنز بنانے کے ساتھ 83 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے میں ان کا بہترین بولنگ اکانومی ریٹ 3.99 رہا۔
2021 ان کے کیریئر کا نمایاں سال تھا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ون ڈے میں 54 رنز ناٹ آؤٹ اور 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسی سال جنوبی افریقا کے خلاف ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔ وہ ون ڈے میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی بنے اور اسی سال آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہوئے۔
سِمی سنگھ نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر سِمی سنگھ نے آئرلینڈ کرکٹ، اپنے اہلِ خانہ، کوچز اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کیریئر میں ان کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ ہمیشہ ان کے دل میں خصوصی مقام رکھے گا۔
2024 میں سِمی سنگھ کو جگر کے شدید عارضے کے باعث جگر کی پیوندکاری کرانا پڑی۔ صحت یابی کے بعد انہوں نے بھارتی پنجاب میں اپنی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی شروع کی۔