ویب ڈیسک: جاپان کے شہر نشین میں جاری ایشین گیمز کے کرکٹ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ صاحبزادہ فرحان 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ معاذ صداقت 23 رنز بنا سکے۔ عثمان خان بھی 6 گیندوں پر 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 96 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 5 چوکے اور 7 چھکے لگائے، تاہم میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور پاکستان ہدف حاصل نہ کرسکا۔
اس سے قبل بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کو سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ سوریا ونشی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابھیشیک شرما نے صرف 28 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ایشان کشن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تلک ورما نے 20 گیندوں پر ففٹی مکمل کرتے ہوئے بھارتی اسکور کو 200 سے تجاوز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے تھے۔ فائنل کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو ٹیم میں شامل کیا گیا، جبکہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل تھے۔
میچ کے دوران ایک اور معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا، جب بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے میچ کے بعد پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان سے ہاتھ نہیں ملایا۔
یاد رہے کہ بارش کی پیشگوئی کے باعث پاک بھارت فائنل متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔