خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر وفاق کا سنجیدگی سے غور، طارق فضل چوہدری کا بڑا بیان

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر وفاق کا سنجیدگی سے غور، طارق فضل چوہدری کا بڑا بیان

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف قابو پانے میں ناکامی پر آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کا آپشن زیرِ غور ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی نافذ کرنے کی صورت میں اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، اور وفاق اس اقدام کے نتیجے میں ہونے والے ہر قسم کے سیاسی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں تشویشناک حد تک تیزی آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں بے گناہ شہری اور سیکیورٹی فورسز کے جوان مسلسل شہید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت امن و امان بحال رکھنے میں بری طرح ناکام ثابت ہو چکی ہے اور حالات قابو سے باہر ہو رہے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے بلوچستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا چیلنج وہاں بھی درپیش ہے لیکن وہاں کے وزیرِ اعلیٰ اس کی روک تھام کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھا رہے ہیں جبکہ   خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات میں تعاون کے بجائے مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔

Watch Live Public News