ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 100 روپے فی لیٹر پیٹرول سبسڈی پیکج کا دائرہ کار ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مہنگے ایندھن سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کے ساتھ مختلف تجاویز پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹر کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے، جبکہ سرکاری محکمے اب ایک ہزار 600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کی معاشی تجاویز پر غور اور ان پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ متفقہ تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرکے جلد عمل درآمد کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے پہلے ہی تین ماہ کی فیول ریلیف اسکیم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا رہا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل صارفین اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے 9771 پر ایس ایم ایس کرکے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد پیٹرول خریدنے سے پہلے اسی نمبر پر TOK بھیج کر فیول ٹوکن حاصل کرنا ہوتا ہے۔