پنجاب میں بے گھر افراد کیلئے 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر،1000 دنوں کے منصوبوں کے اعدادوشمار جاری

پنجاب میں بے گھر افراد کیلئے 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر،1000 دنوں کے منصوبوں کے اعدادوشمار جاری

(ویب ڈیسک)ترقی و خوشحالی اور خدمت کے ہزار دنکے تحت پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم، زراعت، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے مکمل کیے گئے اور جاری منصوبوں کے نمایاں اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔

صحت عامہ کی سہولیات میں تاریخی اقدامات:

جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق شہریوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے 912 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔دل کے عارضے میں مبتلا 9 ہزار 667 بچوں کی ہارٹ سرجری مکمل کی گئی۔ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 2 ہزار 616 ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی گئی۔

تعلیم اور نوجوانوں کے لیے فلاحی منصوبے:

مستحق اور ذہین طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے 78 ہزار 390 ہونہار سکالرشپس دی گئیں۔ طلباء کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے 43 ہزار 729 ای بائیکس اور تعلیمی مقاصد کے لیے 54 ہزار 39 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔

بنیادی ڈھانچہ، ٹرانسپورٹ، گھر اور زراعت:

آمدورفت کی جدید اور ماحول دوست سہولیات کے لیے 1 ہزار 403 الیکٹرک بسیں چلائی گئیں، جبکہ مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے 45 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کی گئی۔رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 1 لاکھ 29 ہزار 98 گھروں کی تعمیر کی گئی۔زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی معاونت کے لیے 7 لاکھ 19 ہزار 547 کسان کارڈز جاری کیے گئے۔

Watch Live Public News