(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس (IRGC) کی بحریہ نے خلیج کے انتہائی اہم اور حساس سمندری راستے آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کی بغیر پائلٹ چلنے والی جدید جاسوس آبدوز (Underwater Drone) کو اپنے قبضے میں لینے کا بڑا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی بحریہ نے ایک ہائی ٹیک انٹیلی جنس اور الیکٹرانک وار فیئر آپریشن کے دوران امریکی ماڈل 'یو ایس ریموس 600' (REMUS 600) نامی بغیر پائلٹ والی آبدوز کو روکا اور تحویل میں لے لیا۔
ایرانی ماہرین نے امریکی آبدوز کو اپنے کنٹرول میں لینے کے بعد اس کے اندر محفوظ حساس فوجی اور انٹیلی جنس ڈیٹا کو حاصل کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی نیوی کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ اس جدید زیرِ آب ڈرون کو ایک انتہائی پیچیدہ اور مربوط کارروائی کے ذریعے پکڑا گیا۔
بیان کے مطابق یہ امریکی وہیکل آبنائے ہرمز کے پانیوں میں مشتبہ جاسوسی سرگرمیوں میں مصروف تھی، جس کی بروقت نشاندہی کر کے اسے غیر فعال کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی نیوی نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت 'بلاک' ہے اور کسی بھی قسم کی خطرناک سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاسدارانِ انقلاب نے متنبہ کیا کہ وہ اس عالمی آبی گزرگاہ میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے جہازوں اور مشتبہ مشنز کے خلاف مسلسل اور سخت ترین فیصلے صادر کرتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔