بیجنگ میں یومِ دفاع و شہداء کی تقریب،چینی فوجی قیادت کی شرکت،پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین

بیجنگ میں یومِ دفاع و شہداء کی تقریب،چینی فوجی قیادت کی شرکت،پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین

(ویب ڈیسک) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یومِ دفاع و شہداء کے سلسلے میں ایک پروقار اور پرعزم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چینی اعلیٰ فوجی قیادت سمیت سفارتی شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں کی پروقار گونج کے ساتھ کیا گیا، جس نے دونوں ممالک کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید اجاگر کیا۔

پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے آرمی) کے سینئر رہنما لیفٹیننٹ جنرل لو ہوئی چی نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

تقریب کے دوران 1965ء کی جنگ میں وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شجاعت کو زبردست الفاظ میں یاد کیا گیا۔اس کے علاوہ قدرتی آفات میں پاک فوج کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔

ڈیفنس اتاشی (ڈی اے) بریگیڈیئر علی اصغر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، جنگی تیاریوں اور دفاعی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سفارتخانے کے ہیڈ آف مشن اعزاز خان نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت اور پاک چین دوستی کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News