عازمینِ حج کیلئے بڑی خوشخبری: 'پاک حج ایپ' پر گھر بیٹھے رہائش، پیکج تبدیل کرنے کی سہولت متعارف

عازمینِ حج کیلئے بڑی خوشخبری: 'پاک حج ایپ' پر گھر بیٹھے رہائش، پیکج تبدیل کرنے کی سہولت متعارف

(ویب ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے ' پاک حج ایپ' میں جدید اور انقلابی ڈیجیٹل فیچرز کا اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت اب عازمین گھر بیٹھے اپنے پیکج اور رہائش کے انتخاب میں آسانی سے ترامیم کر سکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق عازمین اب گھر بیٹھے ہی ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کا باآسانی انتخاب اور تبدیلی کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ لانگ پیکج کو شارٹ پیکج میں، یا شارٹ پیکج کو لانگ پیکج میں تبدیل کرنے کا اختیار بھی ایپ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔

عازمینِ حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر کے اس کا پرنٹ لیں اور مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروائیں۔تصدیق کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ کو پاک حج ایپ یا آفیشل حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانی عازمین بھی اپنے قریبی مصدقہ ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر کے اسے پورٹل پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

قرعہ اندازی میں کامیاب عازمین کو ہارڈشپ کوٹہ کے تحت اپنے ساتھ محرم یا معاون (Helper) کی باقاعدہ درخواست جمع کرانے کی ڈیجیٹل سہولت دی گئی ہے۔ناگزیر وجوہات یا مجبوری کی بنا پر حج درخواست منسوخ کروانے اور جمع کرائی گئی رقم کی باحفاظت واپسی (Refund) کا فیچر بھی ایپ میں شامل کر دیا گیا ہے۔

نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ سینٹرلائزڈ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ اسکیم کی بکنگ کا عمل جاری ہے۔وزارت نے سخت ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹل پورٹل کے علاوہ کسی بھی ایجنٹ کو براہِ راست پرائیویٹ حج کی بکنگ یا رقم کی ادائیگی کی سخت ممانعت ہے۔پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت اب تک 26 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ 45 ہزار نشستیں تاحال بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

Watch Live Public News