مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
کیپشن: مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

ویب ڈیسک: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق پیر کو مہاتیر محمد کے دفتر اور ان کے بیٹے مخزانی مہاتیر نے کی۔

ریاستی خبر رساں ادارے برنامہ کے مطابق سیتی حسمہ نے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں آخری سانس لی۔

سیتی حسمہ اور مہاتیر محمد کی ملاقات 1940 کی دہائی کے اواخر میں سنگاپور میں میڈیکل کی تعلیم کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں نے رواں برس اگست میں شادی کی 70ویں سالگرہ منائی۔ ان کے سات بچے ہیں۔

سیتی حسمہ ملائیشیا میں صحت عامہ، خاندانی منصوبہ بندی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں خدمات کے باعث ایک نمایاں شخصیت سمجھی جاتی تھیں۔ انہیں عوامی سطح پر سادہ مزاج اور خوش اخلاق شخصیت کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔

مہاتیر محمد نے ماضی میں اپنی سیاسی اور ذاتی زندگی میں سیتی حسمہ کے کردار کو اہم قرار دیا تھا۔

101 سالہ مہاتیر محمد ملائیشیا کے طویل ترین عرصے تک وزیراعظم رہنے والے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 1981 میں وزیراعظم بنے اور 2003 تک اس منصب پر فائز رہے۔ 2018 میں وہ دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئے، تاہم سیاسی بحران کے باعث 2020 میں مستعفی ہوگئے۔

Watch Live Public News