(ویب ڈیسک) مودی حکومت کا ٹرمپ انتظامیہ تک رسائی اور عالمی سطح پر اپنی تشہیر کے لیے امریکی لابنگ فرموں پر بھاری اخراجات اور ماہانہ 75 ہزار ڈالر کے معاہدے کا انکشاف ہوا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق مودی حکومت نے واشنگٹن میں بھارت کا سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے امریکی لابنگ فرم ’مرکیری پبلک افیئرز‘ (Mercury Public Affairs) کو ماہانہ 75 ہزار امریکی ڈالر پر بھرتی کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد بھارتی سفارت خانے نے واشنگٹن میں دو بڑی امریکی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کیں۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق امریکی لابنگ فرم ’ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز ایل ایل سی‘ (SHW Partners LLC) نے مئی اور جون 2026 کے دوران بھارتی حکام اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان آٹھ ٹیلی فونک رابطوں کے انتظام میں کردار ادا کیا۔امریکی قانون ’فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ‘ (FARA) کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات میں ان آٹھ رابطوں کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ قرار دیا گیا، جن کا محور بھارت امریکہ دوطرفہ تعلقات تھے۔
بی بی سی اردو کے مطابق مودی حکومت نے اپریل 2025 میں جیسن ملر (Jason Miller) کی سربراہی میں کام کرنے والی SHW Partners LLC کے ساتھ معاہدہ کیا، جس میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی۔23 جون 2026 کو SHW Partners کا معاہدہ اس وقت ختم ہوا جب فرم کے سربراہ جیسن ملر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ بطور خصوصی سرکاری ملازم منسلک ہو گئے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق مئی 2026 میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio) کے دورۂ بھارت سے قبل لابنگ فرموں نے بھارتی حکام اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان رابطوں کا انتظام کیا۔ان رابطوں میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ (Scott Bessent)، نائب قومی سلامتی مشیر مائیکل نیڈہم (Michael Needham) اور انسدادِ دہشت گردی و مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈر سیکریٹری جین لینگ (Jen Lang) شامل تھے۔ مارکو روبیو کے جون 2026 کے دورۂ بھارت کے بعد بھی بھارتی حکومت اور امریکی انتظامیہ کے درمیان مزید اعلیٰ سطح کے رابطے کرائے گئے۔
بی بی سی اردو کے مطابق ٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قیادت میں کام کرنے والی Mercury Public Affairs کی مرکزی ٹیم میں برائن لانزا (Brian Lanza) بھی شامل تھے، جو ماضی میں ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے امریکی لابنگ فرم کو ماہانہ 75 ہزار ڈالر کی ادائیگی نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ آیا بھارتی ٹیکس دہندگان کا پیسہ واشنگٹن میں سیاسی رسائی اور مودی کی عالمی تشہیر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
بی بی سی اردوسینئر بھارتی صحافی سیما چشتی (Seema Chishti) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس معاملے کو اٹھایا، جس کے بعد بھارتی وزارتِ خارجہ کے فیکٹ چیک یونٹ نے ان کی پوسٹ کو گمراہ کن قرار دے دیا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ میں لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا ایک پرانا سفارتی طریقہ کار ہے اور واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانہ 1948 سے ایسی فرموں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ FARA دستاویزات کے مطابق Mercury Public Affairs نے صرف متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹ کی تشہیر کی تھی۔
دی ہندو کی سینئر صحافی سوہاسنی حیدر (Suhasini Haidar) نے بھارتی حکومت کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اصل معاملہ وائٹ ہاؤس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے براہِ راست رابطوں کے لیے لابنگ فرموں کے استعمال کا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق سابق بھارتی سفارت کاروں نے بھی اس طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ لابنگ فرمیں عموماً امریکی کانگریس اور کیپیٹل ہِل میں روابط کے لیے خدمات فراہم کرتی ہیں، جبکہ اعلیٰ سطح کے دوطرفہ رابطے براہِ راست سرکاری حکام کے درمیان ہونے چاہییں۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام عائد کیا کہ مودی امریکی لابنگ فرموں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے حق میں تعریفی بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس کروانے کے لیے رقم خرچ کر رہے تھے۔
بی بی سی اردو کے مطابق ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا موئترا (Mahua Moitra) نے الزام لگایا کہ بھارتی ٹیکس دہندگان کا پیسہ امریکی لابنگ فرم کی خدمات کے ذریعے ٹرمپ کی جانب سے مودی کی تعریف سے منسلک سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا تھا۔کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا (Pawan Khera) نے سوال اٹھایا کہ مودی کو اپنے خود ساختہ دوست ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے بھی امریکی لابنگ فرموں کے ذریعے رابطوں کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔ پون کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کی جانب سے مودی کو بار بار ’عظیم دوست‘، ’سچا دوست‘ اور ’اچھا دوست‘ قرار دینے کے پیچھے امریکی لابنگ فرموں کو کی جانے والی ادائیگیوں کا معاملہ موجود ہے۔
امریکی لابنگ معاہدوں کے انکشاف نے مودی حکومت کے سفارتی اخراجات، واشنگٹن میں سیاسی رسائی کے طریقہ کار اور بھارتی ٹیکس دہندگان کے پیسے سے حکومتی تشہیر کے مبینہ استعمال پر شفافیت اور جواب دہی سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔